Feb ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب سے ملنے والی سرحد پر یمنی فوج کی کاروائی

سعودی عرب سے ملنے والی شمالی یمن کی سرحدوں میں سعودی اتحاد کے ایک کیمپ کے اطراف میں شدید جھڑپیں ہونے کی رپورٹ ملی ہے۔

الخبر الیمنی ویب سائٹ کی اتوار کے روز کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج نے جنوب مغربی سعودی عرب میں واقع صوبے جازان کے شہر الخوبہ میں سعودی اتحاد کے اٹھارویں بریگیڈ کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجی کیمپ میں ہونے والے دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ ابھی ہلاک اور ز زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کی جانب سے یہ کاروائی اس وقت انجام پائی جب سعودی اتحاد نے صوبے حجہ میں شہر حرض میں کاروائی شروع کی۔ اس بات کے پیش نظر کہ شہر الخوبہ صوبے صعدہ کے شہر الملاحیط کے قریب واقع ہے یمنی فوج کی جانب سے کی جانے والی کاروائی سعودی اتحاد کی جارحیت کے مقابلے میں دفاعی نوعیت کی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی وزارت دفاع نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ دو فوجی بریگیڈ یمن روانہ کئے گئے ہیں تاکہ یمن کے دو صوبوں صعدہ اور حجہ پر تسلط حاصل کیا جاسکے۔

سعودی عرب کے اس اعلان کے بعد یمن کی مسلح افواج نے سرحد پر واقع سعودی اتحاد کے فوجی کیمپ کو تہس نہس کر دیا۔

دریں اثنا پریس ذرائع نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا پر شدیداور وحشیانہ فضائی حملہ کئے جانے کی خبر دی ہے۔

حالیہ دنوں کے دوران جارح سعودی اتحاد نے صنعا کو بارہا فضائی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صنعا میں الحفا اور النہدین کو کم سے کم نو بار وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے مذاکرات کار وفد میں شامل عبدالمک العجری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمن میں متحدہ عرب امارات کی مداخلت کا آغاز اس وقت ہوا جب امریکیوں کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ مآرب کی جنگ اپنے آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

انھوں نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ یمنی عوام کے خلاف جاری جنگ سعودی عرب کے لئے اخراجات بڑھتے رہنے کا باعث بنے گی، کہا کہ یمن کی مسلح افواج کی جانب سے صرف ان ہی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو یمنی عوام کو جارحیت کا نشانہ بنا تے ہیں۔

انھوں نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو دندان شکن جواب کا منتظر رہنا ہو گا اور اسے ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی مسلح افواج کی جنرل اسٹاف کمیٹی کے سربراہ محمد الغماری نے انتباہ دیا تھا کہ یمنی عوام پر جارحیت جاری رہنے کی صورت میں یمن کی مسلح افواج کی جانب سے زیادہ سخت طریقے سے منھ توڑ جواب دیا جائے گا اور جب تک جارحیت کا سلسلہ جاری رہے گا جوابی دندان شکن حملے بھی جاری رہیں گے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس