Feb ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • شام، جیل سے فرار داعش کے دہشت گردوں کی ترکی پہنچنے کی خبر

عرب ذرائع کا کہنا ہے کہ شام کے صوبہ الحسکہ کی غویران جیل سے داعش کے سیکڑوں دہشت گرد فرار ہوگئے ہيں۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کچھ عرب ذرائع نے شمال مشرقی شام میں واقع الحسکہ شہر کی غویران جیل سے داعش کے سیکڑوں دہشت گردوں کے فرار ہونے اور ترکی میں ان کی دراندازی کی خبر دی ہے۔

شام کے حکومت مخالف ہیومن رائٹس واچ گروپ نے کہا ہے کہ صوبہ الحسکہ میں واقع غویران جیل کے آپریشن کے بعد داعش کے سیکڑوں دہشت گرد فرار ہوگئے۔

رای الیوم کی رپورٹ کے مطابق شامی حکومت کے مخالف ہیومن رائٹس واچ گروپ نے کچھ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ داعش کے مفرور دہشت گرد ترکی میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ داعش کے کچھ دہشت گرد شام میں ترکی کے حمایت یافتہ گروہ کے زیر کنٹرول علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ دہشت گرد اب بھی سیرین ڈیموکریٹک فورس کے زیر کنٹرول علاقے میں موجود ہیں۔

ابھی تک ترکی نے اس خبر پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے گزشتہ مہینے جنوری میں مذکورہ جیل سے اپنے کچھ سرغنوں اور عناصر کی آزادی کے بہانے جیل پر حملہ کر دیا تھا۔ حملے کے بعد داعش کے دہشت گردوں اور سیرین ڈیموکریٹک فورس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوئی تھیں جو دس دنوں تک جاری رہیں۔

ٹیگس