ابوظہبی میں پھر دھماکے کی گونج+ویڈیو
Feb ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۸ Asia/Tehran
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی سے ایک بار پھر دھماکے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ برازیل کے وہ نامہ نگار جو کھیل کی خبروں کو کور کرنے کے لئے ابوظہبی میں موجود تھے، انہوں نے شہر کے مرکزی علاقے میں ایک عمارت کے اندر دھماکے اور آتش زدگی کی خبر دی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق مذکورہ صحافیوں نے ایسی ویڈیو جاری کی ہیں جن میں ایک عمارت میں دھماکے کے بعد شدید آگ اور دھویں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق اس دھماکے بعد بڑی تعداد میں سکیورٹی فورسز اور فائر بریگیڈ کے عملے نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔ دھماکہ کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور تک سنائی گئی اور یمنی میزائلوں کا گزشتہ ہفتوں کے دوران تجربہ کرنے والے اماراتی شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔
بعض ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ ایک میزائل حملے کے بعد ہوا ہے جبکہ بعض نے اُسے ایک گیس سیلینڈر کے پھٹنے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ یمنی فورسز گزشتہ ہفتوں کے دوران عرب امارات کے مختلف شہروں اور مراکز کو بارہا اپنے جوابی حملوں کا نشانہ بنا چکی ہیں۔