حجہ میں جارح اتحاد کے چالیس زرخرید فوجی ہلاک
یمنی افواج نے صوبہ الحجہ میں جارح اتحاد کے خلاف ایک آپریشن میں چالیس سے زائد زرخرید جارح فوجیوں کو ہلاک کردیا ۔ دوسری طرف جارح سعودی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے غیر فوجی مراکز پر وسیع حملے کی دھمکی ہے۔
یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی- اماراتی اتحاد کے حملوں میں شدت آنے کے بعد ان حملوں کا جواب دیتے ہوئے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مختلف محاذوں پر جارح اتحاد سے وابستہ زرخرید فوجیوں کے خلاف متعدد کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جمعے کو صوبہ حجہ کے حرض محاذ پر کچھ کارروائیاں انجام دی ہیں۔
ان کارروائیوں میں جارح سعودی اتحاد کے چالیس زرخرید فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
درایں اثنا جارح سعودی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا کی غیرفوجی تنصیبات پر جلد ہی حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے صنعا کے غیرفوجی مراکز اور تنصیبات پرآئندہ ہونے والے حملوں کا جواز پیش کرتے ہوئے دارالحکومت کے باشندوں سے کہا ہے کہ ان غیرفوجی مراکز کو بہتر گھنٹے کے اندر ترک کردیں۔
جارح سعودی اتحاد کا دعوی ہے کہ یمنی فوج ان غیر فوجی مراکز کو فوجی اہداف کے لئے استعمال کرتی ہے۔
ترکی المالکی نے دھمکی دی ہے کہ صنعا میں اہم مقامات پر بمباری کی جائے گی اور ان جگہوں کو سعودی عرب کے اندر ڈرون طیارے بھیجنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے جمعرات کی شام اعلان کیا ہے کہ اس ملک کے ڈرون طیارے جنوب مغربی سعودی عرب میں واقع ابہا ایئرپورٹ پر ایک اہم فوجی مرکز کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ابہاء ایئرپورٹ ان فوجی اڈوں میں سے ہے جو یمن کے خلاف فوجی حملوں کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ جارح سعودی اتحاد اس سے پہلے بھی دارالحکومت صنعا میں کئی غیرفوجی تنصیبات پر حملہ کر کے انھیں نقصان پہنچا چکا ہے۔
اس کا دعوی ہے کہ یمنی فوج ان غیرفوجی تنصیبات کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرتی ہے۔
یمن کی فوج نےاس موقف پر ہمیشہ زور دیا ہے کہ جب تک ملک کے خلاف جارح اتحاد کے حملے ہوتے رہیں گے اس وقت تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی اسٹریٹیجک تنصیبات کے خلاف جوابی کارروائی بھی جاری رہے گیسعودی عرب اور اس کے اتحاد مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔یمن کے خلاف جارح اتحادکے حملوں میں اب تک۔ لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ دربدراور بے گھر ہونے والوں کی تعداد بھی چالیس لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں یمن کا پچاسی فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ و برباد ہوچکا ہے جبکہ عوام کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامناہے۔