Feb ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کی یونیورسٹیاں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم

تہران یونیورسٹی اور عراق کے عتبۂ عباسیہ کے زیر نظر سرگرم عمل یونیورسٹی کے عہدے داروں نے ملاقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔

تہران یونیورسٹی کے البرز کیمپس کے سربراہ یحیی بوذری نژاد اور عراق کے المرکز الاسلامی للدراسات الاستراتیجیہ تعلیمی مرکز کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر تہران یونیورسٹی کے پردیس البرز کیمپس کے سربراہ نے کہا کہ اس کیمپس میں غیر ملکی طلبہ کو داخلہ دینے کا ایک اہم مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر اس یونیورسٹی کی سرگرمیوں کو بڑھانا ہے۔

المرکز الاسلامی للدراسات الاستراتیجیہ کے سربراہ سید ہاشم میلانی نے بھی فرزند علی (ع) علمدار کربلا حضرت عباس علیہ السلام کے روضۂ اقدس (عتبۂ عباسیہ) کی سرگرمیوں اور خدمات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عتبہ عباسیہ کے ثقافتی شعبے کی زیر نگرانی دو یونیورسٹیاں سرگرم عمل ہیں جو کربلا و نجف شہروں کے اطراف میں واقع ہیں اور ان میں زیادہ تر ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ 

اسلامی مرکز برائے اسٹریٹیجک تعلیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ تہران یونیورسٹی کے پردیس البرز کیمپس سے تعاون کا ایک شعبہ عتبہ عباسیہ کے زیر انتظام چلنے والی یونیورسٹیوں کے طلبہ سے مخصوص  ہے اور اس سلسلے میں ہم پردیس البرز کیمپس کی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اس ملاقات میں فریقین نے اساتذہ کے تبادلے اور مشترکہ مختصر مدتی کورس شروع کرنے کے لئے ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور گنجائشوں سے  فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔

 

ٹیگس