Feb ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کو لگام دینے کا واحد راستہ انکے خلاف مزاحمت ہے: فلسطینی تنظیمیں

فلسطین کے استقامتی گروہوں نے ہمہ گیر استقامت کو غاصب صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات پر روک لگانے کا واحد راستہ قرار دیا ہے۔

صیہونی فوجیوں نے  درجنوں بکتربند گاڑیوں کے ساتھ جنین شہر کے السیلہ الحارثیہ ٹاون پر حملہ کر دیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے اس وحشیانہ کارروائی کے دوران تشدد کرکے ایک فلسطینی نوجوان کوشہید کردیا تھا جبکہ دس دیگر فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔

اس سے پہلے صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی محلے شیخ جراح پر بھی حملہ کیا تھا جس کے دوران تیس سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مجاہد تنظیموں اور استقامتی گروہوں نے پیر کے روز جاری کیے جانے والے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہیدوں کے خون کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمہ گیر استقامت ہی، صیہونی حکومت کو مقبوضہ علاقوں میں آباد فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ جرائم سے روکنے کا واحد راستہ ہے اور ہم استقامت کا راستہ ہرگز ترک نہیں کریں گے۔ استقامی گروہوں کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ فلسطینیوں اور خاص طور سے قیدیوں کے مکانات کو مسمار کرنے کی پالیسی ایک ناکام پالیسی ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کے حوصلے پست کرنا ہے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ صیہونی حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں اور وحشیانہ اقدامات سے فلسطینیوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتی۔

واضح رہے کہ نابلس میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں تین فلسطینیوں کی شہادت کے بعد غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان پچھلے کئی روز سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور بیت المقدس کا علاقہ شیخ جراح جھڑپوں کا مرکز بن گیا ہے۔

 

ٹیگس