Feb ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • افغانستان میں امریکہ مخالف مظاہرہ

افغانستان کے عوام نے امریکہ کی جانب سے افغانستان کے عوام کے اثاثوں کو منجمد کرنے کے خلاف بامیان صوبے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے امریکہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے افغانستان کے عوام کے اثاثوں کو واپس دینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بامیان کے معذور افراد کی یونین کے صدر سیدعبدالرازق دانش نے کہا کہ افغانستان کے عوام خاص طور سے جنگ سے متاثر ہونے والے امریکہ سے یا یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے منجمد اثاثوں کو بحال کیا جائے۔

مظاہرین نے اس مظاہرے کے دوران ایک قرار داد پاس کر کے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ امریکہ پر افغانستان کے عوام کے اثاثوں کو بحال کرنے کیلئے دباو ڈالے۔

واضح رہے کہ امریکی اور یورپی بینکوں میں افغانستان کے اربوں ڈالر موجود ہیں جنہیں امریکہ اور یورپی ملکوں نے منجمد کر رکھا ہے۔

افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی حقمل کا کہنا ہے کہ یہ دولت اور اثاثے، افغان عوام سے متعلق ہیں، اس سے افغان عوام کو محروم رکھنا اخلاقی اقدار اور بین الاقوامی قوانین و اصول کے منافی ہے۔

اس سے قبل افغانستان کے اسٹیٹ بینک کی مینیجنگ کمیٹی کے رکن شاہ محرابی نے یورپی ملکوں منجملہ جرمنی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ افغانستان کے اثاثے آزاد کرے تاکہ افغانستان کی معیشت کو تباہی سے بچانے کے ساتھ ساتھ افغان پناہ گزینوں کو یورپ کا رخ کرنے سے بھی روکا جا سکے۔

محرابی نے کہا کہ افغانستان کے اثاثے اگر رہا نہیں کئے جاتے تو افغان کمپنیاں درآمدات کی رقم ادا کرنے سے قاصر رہیں گی اور بینکوں کا دیوالیہ معیشت تباہ ہو جائے گی جس کی ذمہ دار امریکی اور یورپی حکومتیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ صرف امریکہ نے افغانستان کے نو ارب ڈالر منجمد کر رکھے ہیں۔

ٹیگس