غرب اردن میں پھر سے انتفاضے کا آغاز ضروری ہو گیا ہے: فلسطینی تنظیم
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غرب اردن کے علاقوں میں صیہونی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اس علاقے میں فلسطینیوں کی انتفاضہ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں غرب اردن میں تین فلسطینیوں کی شہادت کو صیہونیوں کی بربریت کا نتیجہ قرار دیا اور اس علاقے میں انتفاضہ شروع کئے جانے پر تاکید کی ہے۔
اس سے قبل فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے بھی اپنے بیانات میں صیہونیوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غرب اردن میں استقامت کا سلسلہ شروع کئے جانے کا مطالبہ کیا اور اعلان کیا کہ غاصب صیہونیوں کے جرائم سے مقابلے کا واحد ذریعہ استقامت ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی دہشتگردوں نے گزشتہ روز غرب اردن کے علاقوں جنین اور الخلیل میں تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
اس درمیان جہاد اسلامی فلسطین نے مسلمانوں اور فلسطینیوں میں اتحاد کو کامیابی کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ جہاد اسلامی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مسلمانوں کی حمایت سے فلسطینیوں کی استقامت بدستور جاری رہے گی۔ تنظیم کے ایک رہنما جمیل علیان نے ایران پریس کے نامہ نگار سے گفتگو میں کہا ہے کہ دنیا کے مسلمان اگر فلسطین اور بیت المقدس کے مسئلے میں پوری طرح سے متحد ہو جائیں اور اسے اپنا اصل مسئلہ قرار دیں تو کامیابی یقینی ہے۔