افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، طالبان
طالبان حکومت کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کہا کہ طالبان کی حکومت تمام ملکوں خاص طور سے پڑوسی ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے اور جو فوجی ملک سے باہر چلے گئے ہیں وہ بھی واپس اپنے وطن آسکتے ہیں۔
سراج الدین حقانی نے کہا کہ افغان عوام چار عشروں کے بعد اپنے ملک میں اغیار کی مداخلت کے بغیر امن اور اسلامی حکومت کے قیام میں کامیاب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان کے بہت سے ایسے عہدیداروں کی تصویر، کہ جن کے نام مغربی ملکوں اور خاص طور سے امریکہ کی تیار کردہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں، اب تک جاری نہیں کی گئی تھی۔ ان میں سے ایک نام طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کا ہے کہ جن کی تصویر شائع کئے جانے پر پابندی تھی۔ تاہم افغانستان میں طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی اس ملک کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے پہلی بار تصویر منظر عام پر لائی گئی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ طالبان لیڈر ملا ہیبت اللہ آخوندزادہ کی تصویر کو ابھی بھی خفیہ رکھا گیا ہے۔