طالبان اپنے وعدے سے مکر گئے، طالبات کے سیکنڈری اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دی
افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت تعلیم نے اپنے سابقہ بیان کے خلاف یہ اعلان کیا ہے کہ ملک میں چھٹی کلاس سے اوپر کے لڑکیوں کے تمام اسکول اور کالج غیر معینہ مدت کے لئے بند رہیں گے۔
شفقنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت تعلیم نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں جب بھی شریعت کے مطابق لڑکیوں کے اسکول کا ڈریس اور دوسرے مسائل حل کر لئے جائیں گے یہ اسکول طالبان رہنما کی ہدایات پر دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔
افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کالج بند رکھنے کا فیصلہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ اس سے قبل طالبان نے ان اسکولوں اور کالجوں کے کھولے جانے کی خبر کا اعلان کیا تھا۔
مزید دیکھیئے: افغانستان، لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول آج سے کھل گئے
افغانستان میں جب سے طالبان کی حکومت قائم ہوئی ہے اس ملک میں لڑکیوں کے اسکول اور کالج بند کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ تعلیمی نظام میں اصلاحات بتائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں تئیس مارچ سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوتا ہے۔
۔