Mar ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۷ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کی جارحیت، درجنوں فلسطینی زخمی

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے اپنے جارحانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا ہے۔

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی علاقوں «نابلس» اور «قلقیلیا» میں ہونے والے احتجاجی مارچ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

بدھ کے روز بھی غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں فلسطینیوں پر حملہ کر کے کم از کم 30 فلسطینیوں کو گرفتار کیا تھا۔ جبکہ منگل کے روز صیہونی فوجیوں نے «قلندیا» پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 54 فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔

نابلس فلسطین کے مغربی کنارے کا ایک بڑا شہر ہے اور یہ خطہ آبادی اور جغرافیائی پوزیشن کے حوالے سے اہم شمار کیا جاتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس علاقے میں جھڑپوں کا سلسلہ تین روز قبل اُس شہادت پسندانہ کارروائی کے بعد شروع ہوا جو ایک فلسطینی جوان نے بئر السبع علاقے میں انجام دی تھی۔ اس جوابی کارروائی میں چار صیہونی غاصب ہلاک ہو گئے تھے۔

بئر السبع آپریشن کے بعد غاصب صیہونیوں کے درمیان ایک خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ فلسطینی تنظیموں نے اس شہادت پسندانہ کارروائی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ صیہونی حکومت اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے کچھ بھی کر لے مگر وہ اپنے خلاف ہونے والی فلسطینی مزاحمت کو نہیں روک سکتی اور صیہونی جرائم کو لگام دینے کا واحد راستہ انکے خلاف استقامت و مزاحمت ہے۔ فلسطینی جوان کی اس کارروائی کے بعد صیہونی فوجیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی فوجی فلسطینیوں کے رہائشی علاقوں کو آئے دن جارحیت کا نشانہ بنا کر فلسطینیوں کو ترک وطن پر مجبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ان وہاں صیہونی بستیاں تعمیر کی جاسکیں۔

ٹیگس