یمنی فورسز نے ایک اور امریکی ڈرون طیارہ مار گرایا
یمن کی مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورسز نے «الوادی» میں امریکہ کے پیشرفتہ ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔
ارنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے بنائے ہوئے ایک اسکین ایگل قسم کے ڈرون طیارے کو «الوادی» کے نواحی علاقے میں مار گرایا گیا۔
یمنی فوج حالیہ مہینوں کے دوران سعودی فوجی اتحاد کے درجنوں ڈرون طیاروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں جاسوسی مشن کی انجام دہی کے دوران تباہ کر چکی ہے۔
یمنی فورسز ملک پر جارح سعودی اتحاد کے حملے کے آغاز سے اب تک دسیوں جاسوسی ڈرون، ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے گرا چکی ہیں۔
یمنی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ و جارحیت کے دوران یمن کی مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت و توانائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف کئے جانے والے بڑے اور تباہ کن جوابی حملے خود یمنی فورسز کی توانائیوں کا منھ بولتا ثبوت ہیں۔