اسپیکر قالیباف نے یمن کے وزیر اعظم کی شہادت کی تعزیت پیش کی
پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمدباقر قالیباف نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں یمن کے وزیر اعظم احمد غالب ناصر الرہوی اور ان کے کئی وزرا کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسپیکر قالیباف کے تعزیتی پیغام میں آیا ہے کہ دوست اور برادر ملک یمن کے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ اس انقلابی کابینہ کے کئی وزیروں کی شہادت نے صیہونی حکومت کے گھناؤنے اور منحوس چہرے اور دہشت گرد اور جارح فطرت پر سے ایک بار پھر پردہ ہٹا دیا۔
انہوں نے لکھا کہ یمنی مجاہدوں کی دلیرانہ جنگ کے بیچ انتہائی بہیمانہ انداز میں یمن کی سول قیادت کو نشانہ بنایا گیا جو صیہونی حکومت کے مجرم پیشہ اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔
اسپیکر قالیباف نے لکھا ہے کہ ان جرائم کا نتیجہ مسلمانوں اور دنیا کے حریت پسند اور روشن ضمیر انسانوں میں غم و غصے اور صیہونیوں کی سفاکیت سے نفرت میں اضافے کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہوگا اور ان شہیدوں کا خون راہ حق اور حریت کے مجاہدوں کے جذبے میں اضافے کا باعث بنے گا۔
ڈاکٹر محمد باقرقالیباف کے بیان میں آیا ہے کہ یمنی قوم اور حکومت نے اپنے وقار اور استحکام نیز فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کی قیمت اپنے جان سے چکائی ہے اور یہ سفاکانہ اقدامات ان کے آہنیں عزم اور انقلابی ارادے کو ذرہ برابر کم نہیں کرسکتے کیونکہ ملت یمن نے اس الہی راستے پر ثابت قدم رہنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
اسپیکر قالیباف نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان کی جانب سے بھی یمن کے دوست اور برادر عوام کو ان کے وزیر اعظم اور کئی دیگر وزیروں اور اعلی عہدے داروں کی شہادت کی تعزیت پیش کرتے ہیں اور ایران کے شجاع اور بیدار ضمیر عوام کی جانب سے ملت یمن کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔