Aug ۳۱, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • یمن صیہونی حکومت کا دنداں شکن جواب دے گا: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے یمن پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور یمن کے وزیر اعظم اور کابینہ کے کئی وزیروں کی شہادت پر تعزیتی پیغام کے ساتھ ساتھ اعلان کیا کہ یمن کے شجاع عوام دنیا بھر کے حریت پسند انسانوں کی حمایت سے مجرم صیہونیوں کو دنداں شکن اور پشیمان کن جواب دیں گے۔

سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب کے بیان میں آيا ہے کہ درندہ اور نسل پرست صیہونی حکومت نے صنعا پر حملہ اور وزیر اعظم احمد غالب ناصر الرہوی اور ان کی کابینہ کے کئی ارکان کو شہید کردیا جو کہ ایک انسانیت سوز ظلم، ریاستی دہشت گردی کی واضح مثال اور شیطانی اور درندہ صیہونی حکومت کے چہرے کو بے نقاب کرنے والا اقدام تھا۔

اس بیان میں آیا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ جعلی صیہونی حکومت کے جرائم کے حامیوں اور غزہ میں مظالم پر خاموش تماشہ بین بنی بیٹھی حکومتوں کے کردار پر سوالیہ نشان اٹھ گیا ہے۔

آئی آر جی سی کے بیان میں درج ہے کہ صیہونیوں اور ان کے حامیوں کے تصور کے برخلاف ان جرائم کا نہ صرف یمن کے انقلابی عوام کے عزم، استقامت اور غاصبوں اور استکباری طاقتوں کے سامنے مزاحمت پر ذرہ برابر اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس وحشیانہ جرم میں شہید ہونے والے مجاہدوں اور اسلامی استقامتی تنظیموں کے شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور یہ غم و غصہ آگ بن کر صیہونی حکومت اور سامراجی طاقتوں کو جھلسا کر رکھ دے گا۔

سپاہ پاسداران نے اس بیان میں زور دیکر کہا کہ یمن کی صابر اور پرعزم عوام اپنے ایمانی جذبے اور دنیا بھر کی حریت پسند قوموں کی حمایت کے ساتھ صیہونی مجرموں کو فیصلہ کن اور دنداں شکن جواب ضرور دے گی۔

اس بیان میں اسلامی ممالک کی حکومتوں اور بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی گغی ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم کے سامنے شجاعت کا مظاہرہ کریں اور صیہونی حکومت کے جرائم اور امریکہ کی کھلی حمایت کے سامنے اپنی بے عملی اور خاموشی کو ختم کریں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں اسلامی ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ یمن کے شجاع عوام اور غزہ کے مظلوموں کی حمایت کرکے، صیہونی حکومت کے بہیمانہ جرائم کو خاتمہ دلوانے کی کوشش کریں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اس بیان میں علاقے کے مظلوم عوام بالخصوص فلسطین اور یمن کی تاریخ رقم کرنے والی قوموں کے شانہ بشانہ ہر حال میں کھڑے رہنے کا اعلان کیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ استقامتی محاذ کی کامیابی تک حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹیگس