صنعا ائیرپورٹ کھل گیا، پہلی پرواز کہاں جائے گی؟
صنعا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ بہت جلد ہی اس ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صنعا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر خالد الشایف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے محاصرے کی وجہ سے صنعا ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ بند ہو گیا تھا تاہم بہت جلد اس ائیرپورٹ سے قائرہ کے لئے پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
انہوں نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ آئندہ دو دنوں میں قائرہ کے لئے صنعا سے پروازیں شروع ہو رہی ہیں۔
یمن کے خلاف سعودی عرب کی جنگ کے آغاز سے یہ ائیرپورٹ محاصرے میں رہا ہے اور یہاں سے پروازیں بیماروں اور زخمیوں کو منتقل کرنے تک کے لئے بند تھیں، اسی وجہ سے بڑی تعداد میں بیمار یمنی شہری موت کی آغوش میں سوگئے۔
صنعا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر خالد الشایف نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پہلا سفر صنعا اور قائرہ کے درمیان ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی ائیرلائن مختلف اسٹیشنوں پر سرگرم ہیں اور سفر کے اعلان کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں لوگ ٹکٹ خرید رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ سفر میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی اور ہم مسافرین کو مختلف قسم کی سہولیات دینے کو تیار ہیں۔
صنعا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ہفتے میں دو پرواز، یمنی قوم کے مطالبے کے 10 فیصد حصے کو بھی پورا نہیں کر سکتی تاہم اس کے باوجود اس عمل کو ہم پوری طرح سے ائیرپورٹ کے کھولے جانے کا آغاز سمجھ رہے ہیں۔