Apr ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ صنعا ایئرپورٹ کو ترجیحی بنیادوں پر کھلوائے: یمنی رہنما

یمن کی اعلی سیاسی کاؤنسل نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صنعاء ایئرپورٹ کی سرگرمیوں کی بحالی کو اپنی ترجیحات میں قرار دے۔

منگل کے روز یمن کے معاملے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ہینس گرنڈبرگ نے یمن کی اعلی سیاسی کاؤنسل کے سربراہ مہدی المشاط سے ملاقات کی جس میں انہوں نے جارح سعودی اتحاد کی طرف سے ناکہ بندی ختم ہونے اور صنعاء ایئر پورٹ کے کھلنے کا مطالبہ دہرایا۔

صنعاء ایئرپورٹ سعودی اتحاد کی طرف سے فضائی محاصرے کے باعث سنہ 2016 سے بند ہے۔ یہ ایئرپورٹ بیماروں کو علاج کے لئے باہر بھیجنے اور دواؤں و اشیاء خورد و نوش کو منگوانے کا اہم ترین راستہ شمار ہوتا ہے۔

مہدی المشاط نے کہا کہ ہزاروں یمنی مریض صنعاء ایئر پورٹ کے کھلنے کے منتظر ہیں تاکہ علاج کے لئے باہر جا سکیں۔ انہوں نے گرنڈبرگ سے سعودی اتحاد پر وعدوں پر عمل کے لئے دباو ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ترجیحی بنیادوں پر صنعاء ایئر پورٹ اور الحدیدہ بندرگاہ کو کھلوانے، ناکہ بندی کو ختم کرانے اور اپنے وعدوں پر قائم رہنے کے لئے جارح اتحاد پر دباؤ ڈالے۔

یمن کی اعلی سیاسی کاؤنسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یمنی، اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اور انکی ٹیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت طے شدہ اقدامات کو کامیاب بنانے کے لئے صحیح سمت میں تعاون کرے۔

قابل ذکر ہے کہ یمن میں سنیچر 2 اپریل کو جنگ بندی کے نفاذ پر اتفاق ہوا تھا۔ ہینس گرنڈبرگ نے 1 اپریل کو دو مہینے کے لئے جنگ بندی کے آغاز کی اطلاع دی تھی۔

 

ٹیگس