غزہ سے مقبوضہ علاقے پر راکٹ حملہ
صیہونی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ غزہ سے مقبوضہ علاقے النقب پر راکٹ حملہ ہوا ہے۔
یونیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کو علی الصبح غزہ سے مقبوضہ النقب کے علاقے پر راکٹ حملہ ہوا ہے جبکہ صیہونی ذرائع نے بھی دعوی کیا ہے کہ یہ حملہ غزہ سے کیا گیا ہے۔
فلسطین کی سما نیوز ایجنسی نے بھی اعلان کیا ہے کہ جنوبی غزہ سے مقبوضہ فلسطین میں کرم ابو سالم نامی علاقے پر ایک مارٹر گولہ داغا گیا ہے تاہم ابھی تک ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔
غاصب صیہونی آبادکاروں اور صیہونی فوجیوں نے حالیہ دنوں میں فلسطین کے مختلف علاقوں منجملہ غرب اردن کے مختلف علاقوں اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کو بارہا جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں اب تک دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ چار سو سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اسی اثنا میں جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے اور یہ بات سیف القدس جنگ میں بھی ثابت ہو چکی ہے کہ صیہونی حکومت صرف طاقت کی زبان سمجھتی ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق سلمی نے جمعرات کی رات ارنا سے اپنی خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہ اپنی آمادگی بڑھانے کے ساتھ ساتھ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں کی صورت حال پر پوری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ صیہونی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔
طارق سلمی نے کہا کہ تحریک مزاحمت، دشمن کے مقابلے میں اپنی مکمل آمادگی کے ساتھ اپنی دفاعی و فوجی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک مزاحمت نے ثابت کردیا ہے کہ اس کی جوابی کارروائیوں کے مقابلے میں اسرائیل کا آئرن ڈوم سسٹم بھی ناکام ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق سلمی نے کہا کہ قاتل و جارح صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری فلسطینیوں سے مکمل غداری ہے اور تحریک مزاحمت اس اقدام کو مقبوضہ علاقوں، عرب دنیا اور عالم اسلام میں صیہونی اثرورسوخ بڑھانے کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام عرب حکمرانوں کو چاہئے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری اور اس سے قریب ہونے کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں۔