Apr ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین کا عملی اور جمہوری حل، ریفرنڈم ہے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ نے مقامی اور اصلی فلسطینی باشندوں کی شرکت سے ریفرنڈم کے انعقاد کو سرزمین فلسطین کے مسقبل کے تعین کا علمی اور جمہوری راستہ قرار دیا ہے۔

تہران میں دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں دنیا بھر کی قوموں سے عالمی یوم القدس کے جلو‎سوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کی اپیل کی گئی  ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی یوم القدس اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) کی قائم کردہ یادگار ہے۔ بیان کے مطابق یہ دن عالم اسلام کے اتحاد کی علامت، فلسطینی امنگوں کی پاسداری اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطین کے مظلوم لوگوں کی جہدوجد کے حق میں آواز بلند کرنے کا دن ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ مسئلہ فلسطین آج صرف ایک اسلامی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی اور انسانی مسئلہ اور حریت و آزادی کی کسوٹی ہے۔ بیان میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کا حوالیہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطین کا دفاع درحقیقت مسئلہ فلسطین سے وسیع تر ایک حقیقت کا دفاع ہے اور صیہونیت کے خلاف جدو جہد، حقیقتاً عالمی سامراجی نظام اور تسلط پسند طاقتوں کے خلاف جدوجہد ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں فلسطینیوں کی تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا گیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے اصلی اور مقامی فلسطینی باشندوں کی شرکت سے ریفرنڈم کے انعقاد کو مسئلہ فلسطین کا عملی اور جمہوری حل قرار دیا ہے۔

ٹیگس