مزارشریف دھماکوں کا ذمہ دار داعش دہشتگرد گروہ
داعش دہشتگرد گروہ نے جمعرات کو مزارشریف کے شیعہ نشین علاقوں میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے
جمعرات کو افغانستان کے صوبہ بلخ کے شہر مزارشریف کے شیعہ نشین علاقوں میں بم دھماکے ہوئے تھے جس میں نو افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے ۔
افغانستان کے شیعہ نشین علاقوں میں پے درپے ہونے والے دہشتگردانہ دھماکوں کی ملکی علاقائی اور عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی ہے۔
افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے ان دھماکوں پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے دہشتگردوں کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا عزم ظاہر کرنے کے ساتھ ہی اعلان کیا ہے کہ دھماکوں کے ذمہ دار افغان نہیں ہیں ۔ افغانستان کی سیاسی شخصیات نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ اس طرح کے دھماکوں کا مقصد ملک میں مذہبی اور نسلی جنگ چھیڑنا ہے اور عوام کو اس سلسلے میں ہوشیار رہتے ہوئے دشمن کی سازشوں کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔