سعودی عرب سمیت بعض ممالک میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیج فارس کے ملکوں اوردنیا کے بعض دیگر ممالک میں آج پیر کو عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
خلیج فارس کے مختلف ملکوں سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ پیر کی صبح ان ملکوں میں عیدالفطرکی نمازادا کی گئی ۔ فلسطین میں بھی پیر کو عید منائی گئی ہے ۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ قبلہ اول مسجد الاقصی میں دو لاکھ سے زائد فلسطینیوں نے نماز عیدالفطر ادا کی ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ قبلہ اول مسجد الاقصی میں ایسی حالت میں اتنی بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے نماز عید ادا کی کہ صیہونی فوجیوں نے انہیں مسجد الاقصی میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی لیکن جب فلسطینیوں کی تعداد کافی بڑھ گئی تو تصادم کے خوف سے صیہونی فوجیوں نے پسپائی اختیار کی ۔ برطانیہ اور فرانس سمیت بعض یورپی ملکوں میں بھی پیر کو عید الفطر منائے جانے کی خبر ہے۔
دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان ، ہندوستان ، بنگلادیش اور سری لنکا میں آج تیس رمضان المبارک ہے اور عیدالفطر کل منگل کو منائی جائے گی ۔البتہ پاکستان کے صوبے خیبر پختنونخوا میں آج پیر کو عید الفطر منائی گئی ۔ اسی طرح بوہری برادری کے لوگوں نےبھی پیر کو عید منائی اورکراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عیدالفطرادا کی گئی۔