May ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • عبداللہ عبداللہ کی جانب سے ایرانی امداد کی قدردانی

افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سابق سربراہ نے افغان عوام کے لئۓ ایرانی حمایت و امداد کی قدردانی کی ہے۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی اعلی قومی مصالحتی کونسل کے سابق سربراہ عبداللہ عبداللہ نے ایران کے نائب سفیر سید حسن مرتضوی سے ملاقات میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ ہی افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرتا رہا ہے اور افغان عوام کے لئے ایران کی حمایت قابل ستائش ہے۔

انہوں نے ایران اور افغان قوموں کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کی دشمنوں کی کوششوں کی مذمت کی۔ عبداللہ عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کے حالات بہتر ہوں گے اور افغان پناہ گزین اپنے وطن واپس لوٹیں گے اور  ملک کے امن و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے افغانستان کی ترقی و پیشرفت میں ایران کی مدد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ ایران اور افغانستان کی قوموں کے برادرانہ تعلقات کے مخالفین نے کچھ عرصے قبل  مشہد مقدس میں دو علمائے دین کی شہادت اور ایک عالم دین کے زخمی ہونے کی  بعد  شیعہ و سنی تفرقہ پھیلانے کی سازش کی مگر دونوں ممالک کے حکام وعوام اور علماء کی ہوشیاری سے اس سازش پر بھی پانی پھر گیا۔

ساتھ ہی ایران کی جانب سے افغان عوام کی حمایت و مدد کا سلسلہ جاری رکھنے اور اُدھر افغان شخصیات کی جانب سے افغانستان کے لئے ایرانی حمایت و امداد کی قدردانی کے جاری سلسلے سے بھی یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ مخالفین اپنا ناپاک مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ٹیگس