May ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  • الجزیرہ کی رپورٹر کے قتل پر حماس کا اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ

حماس نے الجزیرہ کی نامہ نگار کے قتل پر صیہونی حکومت کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حما‎س کے سیاسی دفتر کے نائب صالح العاروری نے جمعرات کو الاقصی سٹیلائٹ چینل سے انٹرویو میں کہا کہ شہید شیرین ابو عاقلہ ایک چیمپیئن ہیں جنہوں نے فلسطینی کاز کے لئے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔

بدھ کے روز الجزیرہ ٹی وی چینل کی نامہ نگار شیرین ابو عاقلہ مقبوضہ مغربی اردن میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ پر صیہونی فورسز کے حملے کی رپورٹنگ کر رہی تھیں کہ انہیں صیہونی دہشتگردوں نے ایسی حالت میں گولی مار کر شہید کر دیا کہ وہ نامہ نگاری سے مخصوص جیکٹ پہنے ہوئے تھیں۔

العاروری نے کہا کہ ابوعاقلہ فلسطینی قوم کی جدوجہد کا ایک استعارہ ہیں اور اس قوم کی جدوجہد کے نتیجے میں اس غاصب صیہونی حکومت کا زوال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ابوعاقلہ کے قتل سے غاصب حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد نہ صرف یہ کہ نہیں رکے گی بلکہ ان کا عزم مزید مستحکم ہوگا۔

صالح العاروری نے مزید کہا کہ اس جرم سے ثابت ہو گیا کہ صیہونی حکومت سے نمٹنے کا واحد راستہ، بڑے پیمانے پر جدوجہد بالخصوص مسلحانہ جدوجہد ہے۔

حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی کہا کہ فلسطین میں حقیقت کی پاسداری کرنے والے نامہ نگار اور میڈیا حلقے اُسی راستے پر آگے بڑھیں گے جس پر شیرین ابوعاقلہ اور ان سے پہلے دیگر صحافی چلتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس