May ۱۴, ۲۰۲۲ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • شام کی اقتصادی بدحالی کا باعث واشنگٹن ہے: دمشق

شام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ دہشتگرد گروہ اور مغربی ایجنٹ، امریکی مدد سے شام کے اقتصادی وسائل و ذخائر لوٹ رہے ہیں۔

شام کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دمشق حکومت کو امریکی وزارت خارجہ کے ملک کے شمال مشرق اور شمال مغرب میں اقتصادی سرگرمیاں انجام دینے پر مبنی بیان سے کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے کیونکہ واشنگٹن ہی دہشتگردانہ جنگ کی پشتپناہی کر رہا ہے جس سے شام گذشتہ دس برسوں سے برسرپیکار ہے۔

دمشق حکومت نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور مغرب کی جانب سے شام کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کا نفاذ، اس ملک کی بنیادی تنصیبات کی تباہی اور بہت سے بےگناہ شامیوں کے قتل کا باعث ہوا ہے کیونکہ وہ واشنٹگن اور مغرب کی سازشوں میں شامل ہونے کے خلاف تھے۔

دمشق نے امریکہ اور مغرب کا مقصد شام کی تقسیم بتایا اور کہا کہ فوج، قوم اور اس کے رہنماؤں نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ شام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ان کا ملک نئی سازشوں اور ان کی حمایت کرنے والی تمام طاقتوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

امریکی حکومت نے جمعے کو اعلان کیا کہ وہ بعض بیرونی سرمایہ کاروں کو شمالی شام کے ان علاقوں میں اقتصادی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دے گی جو حکومت شام کے کنٹرول سے باہر ہیں اور ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اگرچہ شام کے یہ علاقے تیل کے ذخائر سے مالامال ہیں لیکن امریکی سفارتکار نے اعلان کیا ہے کہ یہ لائسنس صرف تیل کے لئے نہیں بلکہ زراعت اور تعمیر نو کے لئے بھی ہے۔

ٹیگس