الخلیل میں صیہونی دہشتگردوں کا فلسطینیوں پر حملہ
غاصب صیہونی آبادکاروں اور مسلح دہشتگردوں نے حرم ابراہیمی کے قریب شہر الخلیل کے السہلہ علاقے میں فلسطینی کنبوں پر حملے کئے ہیں۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے «کریات 4» کے علاقے سے فلسطینی خاندانوں پر حملہ کر کے انہیں اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔ صیہونی انتہاپسندوں نے مارچ کیا اور عرب باشندوں کے خلاف نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل غاصب صیہونی حکومت کے مسلح دہشتگردوں نے مسجد الاقصی پر ہلہ بولتے ہوئے فلسطینی نمازیوں کا محاصرہ کر لیا تھا۔
تقریبا تیس برس سے غاصب صیہونی مقبوضہ بیت المقدس میں رقص پرچم کا پروگرام کرتے ہیں ۔ انتہا پسند اس پروگرام میں صیہونی ٹولے کا جھنڈا لہراتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے اور حد درجہ کے اشتعال انگیز اقدامات انجام دیتے ہیں۔
پہلی بار سن انیس سو چوہتر میں یہودا حیزنی نامی ایک انتہا پسند صیہونی مذہبی رہنما نے رقص پرچم کے نام سے ناچ گانے کا پروگرام کیا جس کے بعد یہ پروگرام اجتماعی شکل میں ہوتا رہا ہے۔ اس پروگرام میں فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ اسلامی مقدسات کے خلاف بھی اشتعال انگیز نعرے بازی کی جاتی ہے۔
غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ سال مئی میں سیف القدس نامی جنگ میں شکست کھانے کے بعد رقص پرچم کا پروگرام منسوخ کر دیا تھا اور اس سال اس پروگرام کو انتیس مئی کو کرنے کا اعلان کیا ۔ اسی اثنا میں صیہونی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونیوں کے رقص پرچم کے موقع پر فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں نے میزائل تجربہ کیا تھا۔