Jun ۰۷, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۰ Asia/Tehran
  • عراق، صوبہ صلاح الدین کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی مہم شروع

عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبہ صلاح الدین میں داعش کی باقیات کے خلاف نیا آپریشن شروع کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام : الحشد الشعبی نے صوبہ صلاح الدین کے مشرق میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں کی تلاش کے لیے مشترکہ آپریشن کا اعلان کیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، الحشد الشعبی اور عراقی پولیس فورسز نے پیر کو مشرقی شہر الدور میں ایک سیکورٹی آپریشن شروع کیا۔

خبر رساں ادارے واع کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ پولیس فورس اور الحشد الشعبی نے الدور شہر میں داعش دہشت گرد گروہ کے خفیہ ٹھکانوں اور اڈوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔

بیان میں مزید زور دیا گیا کہ آپریشن کا مقصد علاقے میں داعش کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے۔

اس سلسلے میں عراقی انٹیلیجنس سروس نے اتوار کو بغداد میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس عراقی ادارے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ داعش کے خلاف جنگ اور داعش کے عناصر کے تعاقب میں عراقی وزارت داخلہ میں فیڈرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن سروس کی کامیابیوں کے مطابق بغداد میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔

المعلومہ نیوز ویب سائٹ نے بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران کئی سرغنوں سمیت 14 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

عراقی انٹیلی جنس سروس کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں ابو سفانہ، ابو عمر اور ابو مصعب جیسے داعش کے سرغنے شامل ہیں۔ ان افراد کو متعدد آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔

ٹیگس