عراق میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، صدر دھڑے کے 73 اراکین پارلیمنٹ مستعفی
Jun ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
عراق میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا اور عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے صدر دھڑے کے اراکین پارلیمنٹ کے استعفوں کو تسلیم کر لیا ہے۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قومی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے گزشتہ شب صدر دھڑے کے اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے دئیے جانے والے استعفوں کو قبول کر لیا ہے۔
عراق کے صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدر نے اپنے اراکین پارلیمنٹ سے کہا تھا کہ وہ ملک کی بہتری اور موجودہ سیاسی تعطل سے نکلنے کیلئے مستعفی ہو جائیں۔
عراق میں گذشتہ برس اکتوبر میں پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے تاہم سیاسی طاقتیں اب تک حکومت تشکیل دینے میں کامیاب نہیں ہوئی ہیں۔ صدر گروہ، پارلیمنٹ کی تین سو انتیس میں سے تہتر نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑا گروہ بن کر سامنے آیا تاہم گزشتہ 8 ماہ کے دوران وہ کابینہ تشکیل دینے میں ناکام رہا۔