Jun ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • ہنگامی اجلاس تشکیل دینے کے لئۓ جہاد اسلامی فلسطین کی اپیل

جہاد اسلامی فلسطین نے تمام فلسطینی گروہوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا اجلاس تشکیل دے کر فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت اور اس میں آنے والی شدت کو روکنے کے طریقوں کا جائزہ لیں۔

فلسطینی ذرائع‏ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خالد البطش نے تمام فلسطینی گروہوں کو دعوت دی ہے کہ فوری طور پر اپنا اجلاس تشکیل دے کر فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت اور اس میں آنے والی تیزی جیسے مسئلے کا جائزہ لیں اور صیہونی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیون کو درپیش مسائل پر غور کریں۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ فلسطین کے مختلف علاقوں اور خاصطور سے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات اور مظالم کے برآمد ہونے والے نتائج کے ذمہ دار غاصب صیہونی حکام ہوں گے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما خالد البطش نے اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں منجملہ خلیل العودہ اور رائد ریان کی احتجاجی بھوک ہڑتال کے نتیجے میں ابتر حالت کا ذمہ دار بھی غاصب صیہونی حکام کو قرار دیا۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے بھی اس سے پہلے کہا تھا کہ مسجد الاقصی اورمقبوضہ بیت المقدس میں غاصب صیہونیوں کے جارحانہ اقدامات اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کی غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں جاری خونریزی اس بات کی متقاضی ہے کہ قومی و اسلامی فورسز اور مختلف فلسطینی گروہوں کی جانب سے مکمل استقامت کا مظاہرہ کیا جائے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم و جارحانہ اقدامات میں تیزی آئی ہے اور بسا اوقات صیہونی فوجی براہ راست فلسطینیوں کو فائرنگ کا نشانہ بناتے ہیں۔
گذشتہ ستر سال سے زائد برسوں سے مقبوضہ فلسطین میں مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کو پایمال اور ان کو جارحانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انسانی حقوق کو پیروں تلے روندا جا رہا ہے۔
اس طرح غاصب صیہونی حکومت اور غاصب صیہونی فوجی اور صیہونی انتہا پسند فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن سے بارہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
عبری ذرائع کے حوالے سے فلسطینی ذرائع‏ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کو جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے بارہ فلسطینیوں کو بلا سبب گرفتار کرلیا۔ فلسطینی ذرائع‏ ںے اسی طرح اطلاع دی ہے کہ غرب اردن کے شہر رام اللہ کے ام شرائط علاقے میں صیہونی حکومت کی جیل سے رہا ہونے والے احمد الخاروف کو صیہونی فوجیوں ںے دوبارہ گرفتار کرلیا۔ 

ٹیگس