غزہ میں جہاد اسلامی کی بڑی فوجی مشقیں
تحریک جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی ونگ سرایا القدس سے وابستہ کئی عسکری گروہوں نے پیر سے غزہ میں عزم الصادقین نامی فوجی مشقیں شروع کردی ہیں۔ دوسری جانب حماس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ بیت المقدس فلسطینیوں کی ریڈ لائن ہے۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے اس سلسلے میں کہا کہ ان فوجی مشقوں میں مختلف جنگی کارروائیوں کی مشقیں انجام دی جائیں گی۔
جہاد اسلامی کے فوجی بازو سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ان فوجی مشقوں میں توپوں اور میزائلوں سمیت مختلف فوجی ساز و سامان کا استعمال کیا جائے گا کہا کہ یہ اقدام فلسطینی مجاہدین کی جنگی تیاری کو بڑھانے اور وطن کی آزادی اور پناہ گزینوں کی واپسی تک ہماری طویل جدوجہد جاری رہنے پر تاکید ہے۔
سرایاالقدس کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ان فوجی مشقوں میں مختلف قسم کے عسکری و فوجی ساز و سامان کا استعمال کیا جارہا ہے جن میں سب سے اہم اور نمایاں حیثیت میزائلی یونٹوں اور توپوں کو حاصل ہوگی۔
اسی سلسلے میں سرایا القدس نے گذشتہ شب ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ عزم الصادقین فوجی مشقوں کے انعقاد کے نتیجے میں غزہ کے ساحلوں کو بند رکھا جائے گا ۔
درایں اثنا جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان طارق سلمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ علاقے میں ایک عظیم تبدیلی واقع ہونے والی ہے اور یہ تبدیلی صرف فلسطین کی حد تک نہیں ہوگی بلکہ استقامتی محاذ کے اتحاد سے یہ تبدیلی علاقے اور عالمی سطح پر رونما ہوگی ۔
طارق سلمی نے مزید کہا کہ سیف القدس آپریشن میں فلسطینی استقامت نے غاصبوں کو ایک واضح پیغام دیا ہے اور وہ یہ کہ علاقےکی صورتحال اب استقامتی محاذ کے ہاتھ میں ہے اور اس نے غاصبوں کے ساتھ ان کے بالکل قریب سے جنگ لڑی اور استقامت کے میزائل بھی میدان میں موجود تھے اور اسی چیز نے غاصبوں کو حیران و پریشان کردیا۔
جہاد اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ اب تک سیف القدس جنگ تمام علاقوں میں لڑی گئی جس کا سلسلہ غرب اردن سے مقبوضہ تل الربیع تک پھیلا ہوا ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ملت فلسطین اس منظم اور بڑھتے ہوئے جرائم و مظالم کا مقابلہ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور شکست سے دوچار نہیں ہوگی۔
دوسری جانب اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سینئررکن نے زور دے کر کہا کہ مسجدالاقصی کے خلاف جارحیت فلسطینیوں کی ریڈلائن عبور کرنے کے مترادف ہے اور استقامت ان دشمنانہ اقدامات کا منھ توڑ جواب دے گی۔
تحریک حماس کے رکن محمد عمادہ نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ مسجدالاقصی اور بیت المقدس میں صیہونیوں کی جارحیت کے سلسلے میں اسلامی استقامت کا موقف واضح ہے اور بیت المقدس استقامت اور فلسطینیوں کی ریڈ لائن ہے۔