Jul ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • افغانستان میں طالبان انتظامیہ کے فوجی اہلکاروں پر حملہ

مغربی افغانستان میں طالبان کے فوجی اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بارہ طالبان فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔

شفقنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مغربی افغانستان کے شہر ہرات کے سیکورٹی افسران نے بتایا ہے کہ طالبان انتظامیہ کے فوجی اہلکاروں کی گاڑی پر یہ حملہ پیر کو کیا گیا جس میں بارہ فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔ حملہ آور تین افراد تھے جنھوں نے فائرنگ کے علاوہ دستی بموں کا بھی استعمال کیا۔
اس موقع پر طالبان کے فوجی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ دو دیگر فرار ہو گئے۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس اگست میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے طالبان افغانستان میں امن قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں اور افغانستان میں ہونے والے بیشتر حملوں اور بم دھماکوں کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی ہے جن میں اب تک سیکڑوں افراد جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ طالبان داعش دہشت گرد گروہ کو افغانستان کے لئے خطرہ نہیں سمجھتے ہیں ۔ 

ٹیگس