عراقی وزیراعظم کے مواخذے کا مطالبہ
حزب اللہ عراق نے ، ترک جارحیت پر خاموشی کے باعث وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے مواخذے کا مطالبہ کیا ہے۔
بغداد سے ہمارے نمائندے کے مطابق حزب اللہ عراق کے ترجمان محمد محیی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے کرد علاقوں پر ترک فوج کی جارحیت پر مسلسل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس خاموشی سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے اس معاملے میں ترکی کے ساتھ ساز باز کر رکھا ہے۔
حزب اللہ عراق کے ترجمان نے کہا کہ حکومت شرمناک حدتک صرف مذمتی بیانات پر اکتفا کررہی ہے اور ترکی کے مخاصمانہ اقدامات کے خلاف دباؤ ڈالنے کے لیے کسی بھی اقدام سے گریزاں ہے۔
حزب اللہ عراق کے رہنما محمد محیی نے کہا کہ وزیراعظم کا رویہ ان کے فرائض منصبی سے کوتاہی برتنے کا بین ثبوت ہے اور پارلیمنٹ کو اس کا نوٹس لیتے ہوئے ان کا مواخذہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے غاصبانہ قبضے کے خلاف عوامی مزاحمت کو اہمیت دیا جانا چاہیے کیونکہ عوامی رضاکار فورس اس کی پوری توانائی رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں ترکی کے حملوں میں اب تک متعدد عراقی شہری مارے جاچکے ہیں۔