کابل میں داعش کے 2 دہشت گرد ہلاک
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان فورس کی ایک کارروائی میں دو داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جمعرات کو بتایا کہ دارالحکومت کابل کے ایک علاقے میں طالبان فورس کی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کی کارروائی میں دو داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ چار دیگر کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس کارروائی میں طالبان فورس نے کافی مقدار میں اسلحہ اور گولہ با رود بھی برآمد کیا۔
طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ داعشی دہشت گرد کابل میں حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے جسے ناکام بنا دیا گیا۔
واضح رہے کہ اگست میں منصب اقتدار پر براجمان ہونے کے بعد سے طالبان افغانستان میں امن قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں اور افغانستان میں ہونے والے بیشتر حملوں اور بم دھماکوں کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی جن میں اب تک سیکڑوں افراد جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں۔