فلسطین کے سابق نائب وزیر اعظم پر قاتلانہ حملہ
فلسطین کے سابق نائب وزیر اعظم پر غرب اردن میں قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔
خبر رساں ایجنسی شہاب کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے سابق نائب وزیر اعظم ناصر الدین شاعر پر گزشتہ روز غرب اردن میں قاتلانہ حملہ ہوا تاہم اس میں وہ بال بال بچ گئے۔ اس حملے میں ان کی ٹانگ میں گولی لگی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت تسلی بخش قرار دی۔
ناصرالدین شاعر کا شمار حماس کے اہم رہنماوں میں ہوتا ہے۔ حماس نے ناصرالدین شاعر پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور جارحیت کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ناصرالدین شاعر کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کی۔
فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے بھی سکیورٹی فورسز سے واقعہ کی تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔