مزید اسلامی احکامات جاری ہوں گے: طالبان
طالبان کے وزیر برائے امربالمعروف و نہی عن المنکر نے کہا ہے کہ اسلامی نظام نافذ کرنے کے لئے مزید احکامات جاری کئے جائیں گے۔
ہفتے کے روز طالبان کے وزیر امربالمعروف و نہی عن المنکر محمد خالد حنفی نے کہا کہ ان کی وزارت کے اہلکار گذشتہ احکامات کو بھی نافذ کرنے میں سنجیدگی سے مصروف ہیں۔
محمد خالد حنفی نے کہا کہ اسلامی نظام کی بقا میں ان کی وزارت کا اہم کردار ہے جس سے ہرگز پیچھے ہٹا نہیں جائے گا۔
طالبان کے وزیر نے مزید کہا کہ ہم افغانستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے پرعزم ہوچکے ہیں اور اسی رو سے ہر حال میں تمام فیصلوں اور احکامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید احکامات بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ طالبان نے گذشتہ گیارہ مہینے کے دوران اسلامی قوانین کے نفاذ کے بہانے خواتین کو روزگار کے حصول، سفر اور تعلیم سے روک دیا ہے، جس کے نتیجے میں اس ملک میں حقوق نسواں کی پامالی کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔