Aug ۰۸, ۲۰۲۲ ۲۳:۴۴ Asia/Tehran
  • حالات خراب لیکن یمن میں غیر قانونی مہاجروں کی تعداد بڑھ رہی ہے

مہاجروں کے عالمی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ افریقہ سے یمن کی جانب ہجرت کرنے والے غیر قانونی پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔

گزشتہ روز جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں جنگ کی وجہ سے بے حد خراب حالات کے باوجود، رواں سال کے گزشتہ سات مہینوں کے دوران افریقہ سے غیر قانونی طور پر یمن کا رخ کرنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔

اسی سلسلے میں یمن میں اقوام متحدہ کے دفتر نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ سن دو ہزار بائيس کے آغاز سے اب تک چونتیس ہزار چار سو سینتیس غیر قانونی پناہ گزيں یمن میں داخل ہوئے جبکہ گزشتہ برس اسی مدت میں گیارہ ہزار پانچ سو پچپن پناہ گزیں یمنی ساحلوں پر اترے تھے ۔

رپورٹ میں بتایا گيا ہے کہ جون جولائی میں تین ہزار ایک سو اکہتر افریقی پناہ گزيں یمن پہنچے تھے جن میں سے ترانوے فیصد پناہ گزینوں کا تعلق ایتھوپیا سے تھا جبکہ بقیہ کا تعلق صومالیہ سے تھا ۔

رپورٹ کے مطابق یہ پناہ گزيں ، بہتر زندگی کی تلاش میں جنگ زدہ یمن کا رخ کرتے ہيں تاکہ شاید انہيں وہاں سے سعودی عرب جانے کا موقع مل جائے ۔

واضح رہے یمن ، برسوں سے افریقی پناہ گزینوں کے لئے سعودی عرب جانے کا راستہ رہا ہے جس کی وسیع سرحدیں یمن سے ملتی ہيں ۔

 

ٹیگس