Aug ۰۹, ۲۰۲۲ ۰۰:۰۸ Asia/Tehran
  • عراق ،  محرم کے عشرہ اول میں پچاس لاکھ سے زائد لوگ نجف پہنچے

عراق کے  صوبے نجف کے گورنر ہاوس نے اعلان کیا ہے کہ محرم کے پہلے عشرے میں پچاس لاکھ سے زائد زائروں نے نجف اشرف پہنچ کر امام حسین علیہ السلام کو یاد کیا۔

  نجف کے گورنر ماجد الوائلی نے عراقی نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ عاشور کے لئے سیکوریٹی کے انتظامات اور سہولتوں کی فراہمی جاری ہے اور محرم کے آغاز سے اب تک پچاس لاکھ سے زائد زائر نجف اشرف میں داخل ہو چکے ہيں ۔

 انہوں نے بتایا کہ محرم کی عزاداری کے لئے زائروں کی بہت بڑی تعداد نجف اشرف پہنچی ہے جن کی تعداد پچاس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے اور زائروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر نجف اشرف کے قدیمی علاقوں میں انسٹھ  میڈیکل سنٹر بنائے گئے ہيں اسی طرح قدیمی نجف اشرف کے سرکاری اسپتالوں نے بھی مختلف علاقوں میں میڈیکل سنٹر قائم کئے ہيں اور ان اسپتالوں کو پوری طرح سے سہولتوں سے لیس کر دیا گیا ہے تاکہ امام حسین علیہ السلام کے زائروں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں ۔

نجف کے گورنر کے مطابق ، پرانے علاقے میں امبولینسوں کی  تعداد میں بھی اضافہ کر دیا ہے جو ہر طرح کے ہنگامی حالات کے لئے تیار ہیں ۔

واضح  رہے عراق میں منگل کے روز عاشور ہے اور پوری دنیا سے عزادار امام حسین علیہ السلام کا غم منانے کے لئے نجف اور کربلا پہنچے ہيں۔

 

ٹیگس