Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • طالبان کا امریکہ کو انتباہ

طالبان انتظامیہ نے افغانستان کی فضائی حدود میں امریکی ڈرون طیاروں کی پروازوں کو جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کے نتا‏ئج کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے افغانستان کی فضائی حدود میں گشت کر رہے ہیں جو کھلی جارحیت ہے اور یہ سلسلہ اب بند ہوجانا چاہیے۔ 
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دنیا والوں کو افغانیوں کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔ 
طالبان کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ دنوں حکومت افغانستان کی ہم آہنگی اور اطلاع کے بغیر کابل میں ایک خالی مکان کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا تھا اور بعد میں دعوی کیا کہ القاعدہ کے رہنما کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے دو اگست کو کابل میں انجام پانے والے ڈورن حملے میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا تاہم طالبان انتظامیہ نے اس دعوی کی تصدیق نہیں کی ہے۔ 
دہشت گـردی کے خلاف جنگ کے بہانے افغانستان کے مختلف علاقوں پر کیے جانے والے امریکی ڈرون حملوں میں سیکڑوں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔ 

ٹیگس