عراق میں سب سے بڑے اربعین مارچ کا آغاز ہوگیا
عراق کے جنوبی شہر بصرے سے، کربلائے معلیٰ کی جانب سے سب سے بڑے سالانہ اربعین مارچ کا آغاز ہو گیا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق اس موقع پر بصرے میں ’’نہر سے قتلگاہ تک‘‘ کے نعرے کے تحت ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
عراق میں ہر سال عظیم اربعین مارچ کا آغاز، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی نگرانی میں ملک کے جنوبی ترین مقام، فاؤ کی بندرگاہ سے ہوتا ہے۔ بصرے سے شروع ہونے والے، اس عظیم مارچ میں ایک بہت بڑا پرچم بھی زائرین کے ہمراہ ہے۔ بصرے سے شروع ہونے والے اس مارچ کے شرکا اپنے ثواب کو سپاہ قدس کے کمانڈر قاسم سلیمانی، الحشد الشعبی کے سربراہ ابومہدی المنہدس سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے تمام سپاہیوں اور کمانڈروں کو ہدیہ کرتے ہیں۔
مارچ کے شرکا فاؤ کی بندرگاہ سے چھے سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے شہدائے کربلا کے چہلم کے دن اس شہر میں داخل ہوں گے۔
عراق کے دیگر شہروں سے بھی لاکھوں عراقیوں نے کربلائے معلیٰ کی جانب پیدل سفر کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہیلی کاپٹروں، ڈرون طیاروں اور تھرمل کیمروں کے ذریعے مارچ کے راستوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔