صیہونیوں کے ساتھ کسی بھی طرح کا تجارتی معاملہ نہ کیا جائے، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم
بحرین کے بزرگ مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرینی عوام کو صیہونیوں کے ساتھ ہر طرح کے تجارتی معاملات اور لین دین کی بابت خبردار کیا ہے۔
بزرگ مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرینی عوام کو صیہونیوں کے ہاتھوں زمین اور مکان بیچنے کی بابت خبردار کرتے ہوئے اسے مذہب، تاریخ اور ملک کو فروخت کرنے کے مترادف قرار دیا ۔ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے مزید کہا کہ رقم کے بدلے صیہونی نہ صرف بحرینیوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں بلکہ ان کے ضمیر کا بھی قتل کردیتے ہیں۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ آج بحرین ایک اسلامی ملک ہے لیکن صیہونیوں کے ذریعے آبادی کا تناسب بگاڑنے والے ایجنڈے کے تحت کل یہ ملک صیہونیوں اور مسلمانوں کا ملک ہوگا اور اس کے اگلے مرحلے میں بحرین ایک ایسا صیہونی ملک ہوگا جہاں مسلمانوں کو کچل دیا جائے گا۔
آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ صیہونیوں کو زمین بیچنا، صرف مٹی اور پتھر فروخت کرنا نہیں بلکہ صیہونیت کے ہاتھوں قوم، امت اور تمام مذہبی اقدار کو فروخت کرنا ہے۔
واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت نے بحرین میں ایک صیہونی علاقے کی تعمیر کی سازش رچی ہے جس سے اس اسلامی سرزمین پر اسرائیلیوں کے قبضے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں