Jan ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • ممتاز انقلابی اور استقامتی شخصیات کی قدردانی

پیر کی رات تہران یونیورسٹی ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ممتاز ایرانی اور بین الاقوامی استقامتی شخصیات کی قدردانی کی گئی۔

سحر نیوز/ ایران: سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کی برسی اور ہفتہ استقامت کی مناسبت سے تہران یونیورسٹی میں منعقدہ اس تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر ملکوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تہران یونیورسٹی ایوارڈ کے لئے تقریبا سو بین الاقوامی استقامتی شخصیات کے نام پیش کئے گئے تھے جن میں سے بیس کا انتخاب کیا گیا۔ پیر کی رات اس تقریب میں بحرین کے ممتاز انقلابی رہنما، شیخ عیسی قاسم، حزب اللہ لبنان کے قائد سید حسن نصراللہ، یمن کے ہردلعزیزعوامی رہنما عبدالملک الحوثی، شہید سید علی ابوترابی فرد، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر جنرل علی فضلی، شہید مصطفی چمران، لیجنڈری اداکار داریوش ارجمند، یحیی ابراہیم سنوار، شہید سید رضی موسوی، ہدی مہدی عوض ، فواد ایزدی ، امیر حسین زارع ، ہادی العامری، شہید ثاقب حیدر، شہید مہدی صابری، شہید حمید رضا اسداللہی اور حسین امیرعبداللہیان کو تہران یونیورسٹی ایوارڈ دیا گیا۔

تہران یونیورسٹی ایوارڈ کے لئے استقامت کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ فوجی، دفاعی، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی سمیت استقامت کے مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا گیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہمیشہ ثقافتی محاذ پر استقامت کی خصوصی تاکید فرمائی ہے، اس لئے استقامت کے ابلاغیاتی، فکری اور ثقافتی میدانوں میں کام کرنے والی اہم شخصیات کو بھی اس با وقار ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

تہران یونیورسٹی ایوارڈ کی پر وقار تقریب میں ایران کے اعلی حکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں، ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے اراکین،یونیورسٹیوں کے سربراہان اور اساتذہ نیز دیگر اہم علمی ثقافتی، اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ٹیگس