Sep ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۲:۳۹ Asia/Tehran
  • زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے: مقتدیٰ صدر

عراق کی تحریک صدر کے سربراہ مقتدیٰ صدر نے اربعین حسینی کے موقع پر عراق کا سفر کرنے والے زائرین کی سکیورٹی اور انکے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

صدر پارٹی کے سربراہ مقتدیٰ صدر نے ہفتے کی شام اربعین حسینی کے سلسلے میں ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے عراق جانے والے زائرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے عراقی عوام سے اپیل کی ہے کہ زائرین کی جان کے تحفظ کے لئے کوشاں رہیں اور آپس میں ہر قسم کے ٹکراؤ سے پرہیز کریں۔

مقتدیٰ صدر نے میڈیکل پروٹوکول اور صفائی ستھرائی کے خیال پر زور دیتے ہوئے کربلائے معلیٰ کے متعلقہ عہدے داروں سے کہا کہ وہ زائرین اربعین کی سکیورٹی کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لیں اور سکیورٹی فورسز کی مدد سے چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ پر توجہ دیں۔

اُدھر عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کی ڈیویژن ایک سو دس کے کمانڈر ظاہر حبیب المندلاوی نے بھی خبر دی ہے کہ اس ڈیویژن کے پانچ سو اہلکار حشد الشعبی کے دیگر ہزاروں جوانوں کے ہمراہ زائرین بالخصوص ایرانی زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہیں۔

عراقی ادارۂ کسٹم کے عہدے دار علاء القیسی کے مطابق اب تک تقریبا پینتالیس ہزار ایرانی زائر دو سرحدی گزرگاہوں کے راستے عراق میں داخل ہو چکے ہیں۔

ٹیگس