Sep ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی نوجوان کی شہادت

غاصب صیہونی فوجیوں نےغرب اردن میں اپنی وحشیگری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اور فلسیطنی نوجوان کو شہید اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں غرب اردن کے شہر جنین میں غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی نوجوان کی شہادت کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس فلسطینی نوجوان کا نام طاہر محمد زکارتہ ہے جسے صیہونی فوجیوں نے جنین میں گولی مار کر شہید کردیا ۔
فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہےکہ صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی نوجوان کے سر میں گولی ماری جو اسپتال جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گیا۔
جمعے کے روز بھی صیہونی فوجیوں نے الخلیل میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔
فلسطینی ذرائع کے اعداد و شمار کے مطابق صرف اگست کے مہینے میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے ہاتھوں انسٹھ فلسطینی شہید ہوئے جنھیں غزہ اور غرب اردن نیز مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ 
اس درمیان صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں حملہ کرکےمتعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
وفا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئیں جس کے بعد غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے گیارہ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
اس سے قبل فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا تھا کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کی انتفاضہ ایک بار پھر زور پکڑتی جا رہی ہے اور فلسطینی نوجوان نئے جوش و جذبے کے ساتھ غاصب صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ غرب اردن کے علاقے صیہونی فوجیوں کے خلاف فلسطینیوں کی بھرپور استقامت کے میدان بنے رہیں گے خاصطور سے اس بنا پر بھی کہ بیت المقدس بھی غرب اردن کا ہی ایک جز کہلاتا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ غرب اردن میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک یہ علاقہ پوری طرح صیہونی غاصبوں کے قبضے سے آزاد نہیں ہوجاتا ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی فوجیوں کے دشمنانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجی آئے دن فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر ان فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے جس کے جواب میں فلسطینیوں کی جانب سے بھی کارروائیاں انجام پاتی ہیں۔ 

ٹیگس