Sep ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۳ Asia/Tehran
  • کابل میں روسی سفارت خانے کے قریب دھماکہ، 20 افراد جاں بحق

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں روسی سفارت خانے کے دو ملازمین سمیت بیس افراد جاں بحق ہو گئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ روسی سفارت خانے پر اسٹوڈنٹ ویزے کی لائن میں لگے طلبا کی بھیڑ میں کیا گیا ۔
اگرچہ بیس افراد کے مارے جانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم صحیح اعداد و شمار ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔
طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے روسی سفارت خانے کے قریب ایک خود کش حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں روسی سفارت خانے کے سکینڈ سیکریٹری اور ایک سیکیورٹی ملازم بھی شامل ہے۔
روس کے ایوان صدر کے ترجمان پسکوف نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے دہشت گردانہ اقدام قرار دیا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ حملہ آور کی جلد شناخت کر لی جائے گی۔
افغانستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے دعووں کے برخلاف وہ ملک میں اب تک امن قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ 

ٹیگس