زائرین یہ در عباسِ علمدار (ع) ہے
روضہ حضرت عباس علمدار کے متولی نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔
حضرت عباس علمدارعلیہ السلام کے روضے کے متولی مصطفیٰ مرتضیٰ ضیاء الدین نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر زائرین کو دی کی جانے والی خدمات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انیس صفرتک ساڑھے چار ملین سے زائد انواع و اقسام کے کھانوں کے پیکٹ زائرین میں تقسیم کیےجاچکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بیس ملین کے قریب پانی کی بوتلیں اور اکتالیس ہزار برف کی سلیں اور چارملین لیٹر فلٹر واٹر زائرین کو فراہم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سولہ ہزار سے زائد رضاکاروں نے زائرین کو مختلف خدمات فراہم کیں جن میں طبی اور ثقافتی خدمات بھی شامل تھیں۔
روضۂ حضرت عباس علمدار کے متولی نے بتایا کہ زائرین کی سہولت کے لیے بائیس ایمبولینس چوبیس گھنٹے موجود رہیں اور شہر بھر میں چون موبائل اور فیلڈ میڈیکل یونٹ قائم کئے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کربلائے معلی اور اس کے اطراف میں زائرین کے لیے ایک سو انتیس ثقافتی اسٹال اور رہنمائی کے پینتیس مراکز کام کر رہے تھے۔
مصطفیٰ مرتضیٰ ضیاء الدین کے مطابق ایک سو نوے میڈیا ہاوس اور پانچ سو صحافی حضرات اربعین حسینی کی کوریج کے لیے شہر میں موجود تھے جن میں تین سو صحافیوں کو روضہ حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضے کی انتظامیہ کی جانب سے دسیوں لاکھ زائرین کو دی جانے والی یہ خدمات ان خدمات سے الگ ہیں جو روضہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی جانب سے فراہم کی کی گئی ہیں ۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضے کی انتظامیہ کی جانب سے بھی کم سے کم اتنے ہی یا اس سے زیادہ تعداد میں زائرین کو اربعین کے موقع پر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔