پندرہ لاکھ غیر ملکی زائرین سامرہ کی زیارت سے شرفیاب
چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر عراق جانے والے پندرہ لاکھ زائرین سامرہ کی زیارت سے شرفیاب ہوئے ہیں۔
روضہ حضرت عسکریین کے متولی محمد حسین المناوری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ چہلم کے موقع پر سامرہ میں روضہ امام علی نقی اور امام حسن عسکری علیھما السلام کی زیارت کا شرف حاصل کرنے والے پندرہ لاکھ غیر ملکی زائرین کو مختلف خدمات بھی فراہم کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ روضہ حضرت عسکریین علیھما السلام کی جانب سے زائرین کی استراحت کے لیے جگہ فراہم کی گئی، انہیں گاڑیوں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا اورپچاس سے زائد موکب چوبیس گھنٹے ضروری خدمات فراہم کرتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں روضہ عسکریین کی زیارت کے لیے آنے والوں کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔
کہا جارہا ہے کہ ہفتے کے روز تک اربعین مارچ اور چہلم امام حسین علیہ السلام کی رسومات میں اکیس ملین سے زائد عراقی اور غیرملکی زائرین شرکت کرچکے تھے۔ غیر ملکی زائرین میں سب سے بڑی تعداد ایرانی زائرین کی تھی ۔