Sep ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • عالمی برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے: طالبان کو اقوام متحدہ کا انتباہ

افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے مستقل مندوب نے خواتین اور لڑکیوں سمیت افغان عوام کے حقوق کی جانب سے طالبان کی بے عملی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر طالبان نے یہ رویہ جاری رکھا تو عالمی برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے۔

افغان نیوز ایجنسی کے مطابق، افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارکس پوٹزل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کہا ہے کہ طالبان خواتین پر سختیاں بڑھا رہے ہیں، جو پچاس فیصد آبادی کی جانب سے لاپرواہی برتنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ گروہ عالمی سطح پر الگ تھلگ پڑ جانا پسند کرتا ہے۔

پوٹزل نے افغانستان کے سلسلے میں ہونے والے سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں کہا کہ طالبان کے سلسلے میں عالمی برادری کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے ۔ افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب نے کہا کہ گذشتہ چند مہینے سے افغانستان میں مثبت تبدیلیوں کی شرح بہت کم رہی ہے اور برے حالات کا اچھے حالات پر غلبہ رہا ہے۔

لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کو بند کرنے پر بھی پوٹزل نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایسی مثال کہیں بھی نہیں ملتی ۔ مارکس پوٹزل نے کہا کہ طالبان کی اعلی قیادت کے متعدد ارکان بتا چکے ہیں کہ لڑکیوں کی تعلیم گاہوں کو طالبان لیڈر ملا ہبت اللہ آخوند زادہ کے حکم پر بند کیا گیا جس کی حمایت ان کے قریبی انتہاپسند افراد کی جانب سے جاری ہے ۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ طالبان نے پندرہ اگست سن دو ہزار اکیس کو اقتدار ایک بار پھر سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کی پابندی ہوگی اور ان کے سلسلے میں نرمی برتی جائے گی ۔ افغانستان کے زیادہ تر عوام اور عالمی برادری کا خیال ہے کہ طالبان نے تدریجی طور پر افغان شہریوں اور خواتین کے حقوق کو محدود کیا ہے۔ طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد خواتین کو سرکاری نوکریوں سے بھی نکال دیا ۔ دنیا کے سبھی ممالک نے طالبان سے افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کا راستہ ہموار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہمسایہ ممالک نے بھی طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کے بنیادی حقوق اور لڑکیوں کے اسکولوں کو کھولا جائے اور افغانستان کی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہ دی جائے ۔

ٹیگس