کابل میں ایک بار پھر بم دھماکہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہفتے کو بھی ایک اسکول کے باہر بم دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
طالبان کی سیکورٹی فورس کے ترجمان خالد زدران نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والا دھماکہ کابل کے خیرخانہ محلے میں مولانا جلال الدین بلخی نامی اسکول کے سامنے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے کنارے نصب یہ بم اسکول کی چھٹی ہونے سے چند منٹ پہلے ہی پھٹ گیا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
البتہ بعض رپورٹوں کے مطابق، اس بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ دھماکے کے بعد بچوں کے گھر والوں کا ایک ہجوم اسکول کی جانب آنے لگا تاہم اسکول کی انتظامیہ نے ممکنہ دہشت گردانہ حملے کے اندیشے سے اسکول کا گیٹ بند کردیا۔
واضح رہے کہ جمعے کو بھی کابل کے مغربی علاقے میں ایک تعلیمی مرکز میں بم دھماکہ ہوا تھا۔ اس واقعے میں 35 افراد شہید اور 40 زخمی ہوئے تھے۔
کابل میں کاج تعلیمی مرکز پر ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے کی جہاں افغانستان کی مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے شدید الفاظ میں مذمت کی وہیں ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔