ایران کی حمایت میں اترا دمشق، کہا غیر ملکی مداخلت ناقابل قبول
دمشق کا کہنا ہے کہ ایران کے داخلی امور میں غیر ملکی مداخلت قطعاً ناقابل قبول ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی وزارت خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مختلف منصوبوں اور سازشوں کی وجہ سے مغربی ایشیا کے متعدد ممالک میں عدم تحفظ اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے، کہا کہ دمشق ایران کے اندرونی معاملات میں کسی بھی بیرونی مداخلت کے خلاف ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق، شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسلامی جمہوریۂ ایران میں پیدا ہونے والی افراتفری اور فسادات سے بیزاری کا اظہار کیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ شام نے ایران کی حکومت اور عوام کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور دشمنوں کے منصوبوں کے مطابق ہونے والی منصوبہ بند سازشوں کی بابت خبردار کیا ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ان سازشوں کی وجہ سے خطے کے متعدد ممالک میں عدم تحفظ اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے۔
شام کا کہنا ہے کہ دمشق، ایران کے اندرونی معاملات میں کسی بھی بیرونی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے۔
دمشق نے ایرانی قوم کے خلاف ظالمانہ اور یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اطمینان ظاہر کیا ہے کہ ایران اپنی قوم کی سمجھ بوجھ اور اپنے رہنماؤں اور قائدین کی تدبیر سے ان واقعات پر قابو پالے گا۔