Oct ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کے جرائم کا جواب دیئے جانے کی اپیل

غزہ میں فلسطین کے مزاحتمی گروہوں کے مشترکہ آپیشنل روم نے بیت المقدس، غرب اردن کے مختلف اور سن اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونیوں کے جرائم کا منھ توڑ جواب دیں۔

العربی الجدید کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطین کے مزاحتمی گروہوں کے مشترکہ آپریشنل روم نے بیت المقدس، غرب اردن  اور سن اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونیوں کے جرائم کا غاصب صیہونی حکومت کو ایسا جواب دیں کہ وہ اس کے لئے درس عبرت بن جائے۔

غزہ میں فلسطین کے مزاحتمی گروہوں کے مشترکہ آپریشنل  روم کے ایک ترجمان نے  پریس کانفرنس میں اس بارے میں کہا ہے کہ غزہ میں فلسطین کی تحریک مزاحمت،  بیت المقدس، مسجد الاقصی اور مقدس مقامات کے دفاع  کے لئے ایک مستحکم قلعہ اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے اور وہ فلسطینی شہدا کے خون اور فلسطینی قیدیوں سے وفاداری کرتی رہے گی۔

اس ترجمان نے غرب اردن، بیت المقدس اور تمام فلسطینی علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کی دلیرانہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی تحریک استقامت بیت المقدس اور فلسطین کی حمایت میں ہمیشہ تیاراور آمادہ ہے۔

غزہ میں فلسطین کے مزاحتمی گروہوں کے مشترکہ آپریشنل روم کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں اسی طرح اس بات کا بھی اعلان کیا کہ مسجد الاقصی کو کوئی  نقصان پہنچا، یا بیت المقدس اور غرب اردن کے علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے جرائم میں تیزی آئی اور بے بنیاد بہانوں سے فلسطینیوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی جاری رہی تو غاصب صیہونی حکومت اپنے زوال کی آخری حد تک پہنچا دی جائے گی۔

مقبوضہ بیت المقدس اور اس کے اطراف کے علاقوں کا غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ ہفتے سے محاصرہ کر رکھا ہے جس میں شعفاط کیمپ بھی شامل ہے۔ فلسطین سے یہ بھی خبر ملی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے غرب اردن کے مرکزی علاقے رام اللہ میں ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔

نیوز ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت کے حوالے سے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے الجلزون کیمپ کے قریب ایک تئیس سالہ فلسطینی جوان کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی نوجوان کی لاش کو بھی اغوا کر لیا اور واپس دینے سے گریز کیا جبکہ صیہونی فوجیوں نے الضاحیہ کے علاقے کو بھی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیل کے ریڈیو نے  دعوی کیا ہے کہ رام اللہ کے قریب بیت ایل میں  فائرنگ  میں اسرائیل کا ایک فوجی زخمی ہو گیا ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقے خاص طور سے نابلس اور جنین کے حالات بہت کشیدہ  ہیں جہاں اب تک درجنوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔ شہر بیت المقدس کی صورت حال بھی مسجد الاقصی پر غاصب صیہونیوں کے مسلسل  حملوں کی بنا پر سخت کشیدہ بنی ہوئی ہے۔

ٹیگس