صدر دھڑا حکومت میں شامل نہیں ہوگا: محمد العراقی
عراق میں صدر دھڑے نے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کی آئندہ کی حکومت میں شامل نہیں ہوگا۔
عراق میں ایک سال کے پیچیدہ سیاسی بحران کے بعد آخرکار عراق کے پارلیمانی اراکین نے عبداللطیف رشید کو صدر منتخب کر لیا اور انھوں نے محمد شیاع السودانی کو کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق محمد شیاع السودانی کو حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپے جانے پر مقتدی صدر کے قریبی ساتھی محمد العراقی نے کہا ہے کہ صدر گروپ حکومت میں شامل نہیں ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عراق اغیار کا کھلونا نہیں بنے گا اور کرپٹ افراد قوم کا سرمایہ نہیں لوٹیں گے۔
واضح رہے کہ عراق میں صدر دھڑے نے ایسی حالت میں کابینہ میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے کہ محمد شیاع السودانی کو شیعہ کوآرڈینیشن دھڑے سمیت اکثر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے کابینہ کے اراکین کے انتخاب کے سلسلے میں ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے شروع کردیئے ہیں ۔