امریکی غاصب افواج، ترکی اور صیہونی حکومت کی جارحیت کو روکا جائے: شام کے وزیر خارجہ
شام کےوزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے سے ملاقات میں شام کے متعدد علاقوں پر امریکا اور ترکیہ کے غاصبانہ قبضے کی مخالفت اور تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ صیہونی حکومت کے جارحیتوں کی مذمت کرے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیرخارجہ فیصل مقداد نے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے گیئر پیڈرسن سے دمشق میں ملاقات کی۔ اس موقع پر شام کے حالات اور مشترکہ موضوعات پر باہمی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شام کے وزیرخارجہ فیصل مقداد نے اس ملاقات میں کہا کہ شام کے بعض علاقوں پر دہشت گرد امریکی فوجیوں اور ترک افواج کے غاصبانہ قبضے اور اسی طرح جولان پر صیہونی حکومت کے غیرقانونی قبضے نیز شام پر اسرائیل کے فضائی حملے شام کی ارضی سالمیت اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں اور اس سے پورے خطے کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ شامی وزیرخارجہ فیصل مقداد نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ادارے کے منشور کے مطابق اپنا حقیقی کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کےخصوصی نمائندے نے بھی علاقے کے ملکوں کے اپنے دورے کے بارے میں شامی وزیرخارجہ فیصل مقداد کو بتایا اور کہا کہ اقوام متحدہ آئینی کمیٹی کی سرگرمیاں بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔